ایل ڈی اے :افسروں کادیرسے آنا معمول ، اہم امور متاثر
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں تاخیر سے دفاتر آنے کا کلچر جڑ پکڑ گیا۔ محکمے کی جانب سے متعدد بار وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے۔۔
، مگر افسران کا رویہ نہ بدلا۔ دفاتر میں وقت پر نہ پہنچنا معمول بن گیا جبکہ بائیو میٹرک حاضری کا نظام بھی عرصہ دراز سے غیر فعال ہے ، جس کے باعث حاضری کی مانیٹرنگ مؤثر نہیں ہو پا رہی۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے نوٹیفکیشن کے ذریعے تمام افسران کو صبح نو بجے دفتر پہنچنے کی سخت ہدایت جاری کی تھی۔ اس کے باوجود ایڈیشنل ڈی جیز، سینئر ڈائریکٹرز اور دیگر افسران نے ہدایت پر عمل نہ کیا۔ کئی افسران معمول کے مطابق دیر سے دفتر آتے ہیں، جس سے روزمرہ کے کام متاثر ہوتے ہیں ۔چیف میٹروپولیٹن پلاننگ ونگ کے افسران کا گیارہ بجے دفتر آنا اور تین بجے واپس جانا معمول ہے ۔ ٹاؤن پلاننگ اور ہاؤسنگ ڈائریکٹوریٹس کے ڈائریکٹرز اور عملہ بھی وقت کی پابندی میں ناکام ہے ۔ شہریوں کے کاموں میں غیر ضروری تاخیر اور فائلوں کے رکے رہنے سے عوامی شکایات بڑھ رہی ہیں،محکمے کی جانب سے کئی افسران کو دفتر تاخیر سے آنے پر وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے ، مگر اس کے باوجود رویہ نہ بدلا۔ انتظامی ماہرین کے مطابق وقت کی پابندی نہ ہونے سے ایل ڈی اے کی کارکردگی اور ساکھ دونوں متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ زیر التوا منصوبوں کی رفتار مزید سست ہو رہی ہے ۔