الحمرا : ’’انٹرفیتھ، پیس اینڈ ہارمنی کانفرنس‘‘ کا انعقاد
لاہور(خبر نگار)پنجاب حکومت کے ہفتۂ اقلیتی اور جشنِ آزادی کی مناسبت سے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے پنجاب حکومت اور یونائٹیڈ انٹرفیتھ آرگنائزیشن کے اشتراک سے الحمرا ہال لاہور میں انٹرفیتھ، پیس اینڈ ہارمنی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی، قومی اتحاد اور پاک فوج کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔ ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نے کہا کہ آج ہم سب اپنی بہادر اور نڈر پاک فوج کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستانی قوم ہر لمحہ اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ یہ باعثِ فخر ہے کہ پاکستان کی اقلیتی برادری ہر شعبۂ زندگی میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہے ۔مولانا عاصم مخدوم (چیئرمین کل مسالک بورڈ) نے کہا کہ ہفتۂ اقلیتی اور جشنِ آزادی کو ایک ساتھ منانا دنیا کے لیے یہ پیغام ہے کہ ہم سب ایک پرچم تلے متحد ہیں۔خطیب داتا دربار رمضان سیالوی، ڈاکٹر تیمور خان اور دیگر مقررین نے بھی مختصر خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور بین المذاہب ہم آہنگی کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔بعد ازاں پینل ڈسکشن میں مولانا اسرار مدنی، ڈاکٹر کلیان سنگھ کلیان، ریورنڈ سسٹر جینیویو، رام لعل اور پنڈت راکیش چند نے حصہ لیا اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے عملی تجاویز پیش کیں۔