انتظامی غفلت‘3ماڈل یوسیز بنانے کامنصوبہ ٹھپ
منصوبے پر عملدرآمد نہ ہونے سے مسائل برقرار
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )غیر ملکی جاپانی گرانٹ کے تحت لاہور شہر کی تین یونین کونسلوں کو ماڈل یونین کونسلز میں تبدیل کرنے کا منصوبہ واسا انتظامیہ نے بند کر دیا۔وفاقی حکومت نے منصوبے کی باضابطہ منظوری دیتے ہوئے واسا لاہور کو یونین کونسل 99، 100اور 101میں واٹر سپلائی اور سیوریج سسٹم کی بہتری کی ذمہ داری سونپی تھی۔ منصوبے کا مقصد تینوں یونین کونسلوں میں چوبیس گھنٹے پانی کی فراہمی، جدید واٹر میٹرز کی تنصیب اور سیوریج نظام کی مکمل اپ گریڈیشن تھا۔اس منصوبے کیلئے ایک ارب انتالیس کروڑ بہتر لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔جاپانی گرانٹ کے منصوبے پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔