میٹرو بس سروس، ٹوکن سسٹم ختم، خودکار پرچی شروع

میٹرو بس سروس، ٹوکن سسٹم ختم، خودکار پرچی شروع

بعض سٹیشنز پر ٹوکن ری یوز ، مشینوں کی خرابی سے ریونیو لیکیج ہو نے لگی تھی

لاہور (شیخ زین العابدین)شاہدرہ سے گجومتہ تک چلنے والی میٹرو بس سروس میں بڑا انتظامی فیصلہ،بارہ سال بعد مسافروں کے لیے کرایہ وصولی کا نظام تبدیل کر دیا گیا،ٹوکن سسٹم ختم، جدید خودکار ‘‘پرچی سسٹم’’ نافذ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بارہ سال بعد لاہور میٹرو بس سروس میں کرایہ وصولی کا نظام تبدیل کر دیا گیا ہے ۔شاہدرہ سے گجومتہ تک چلنے والی میٹرو بس میں اب ٹوکن کی بجائے ‘‘پرچی سسٹم’’ نافذ کر دیا گیا ہے۔ لاہور ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے شہر کے تمام میٹرو سٹیشنز پر نیا خودکار سسٹم فعال کر دیا ہے۔

اب مسافروں کو ٹکٹ باکس سے ٹوکن کے بجائے پرچی دی جائے گی، جس پر کیو آر کوڈ درج ہوگا۔مسافر جب سٹیشن پر نصب خودکار گیٹ کے قریب جائیں گے تو پرچی پر موجود کیو آر کوڈ سکین ہوگا اور گیٹ خود بخود کھل جائے گا۔انتظامیہ کے مطابق نیا سسٹم کرایہ وصولی کے جدید اور شفاف عمل کی طرف ایک اہم قدم ہے ۔ماضی میں ٹوکن سسٹم کے باعث کرپشن کے امکانات بڑھ رہے تھے اور کرایہ جمع کرانے کے عمل میں بے ضابطگیاں سامنے آ رہی تھیں۔ذرائع کے مطابق بعض سٹیشنز پر ٹوکن ری یوز اور مشینوں کی خرابی سے روزانہ کی بنیاد پر ریونیو لیکیج ہو رہا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں