بڑھتی سمو گ ،جانوروں کیلئے بھی سانس لینا مشکل
چڑیا گھر میں جانوروں کو محفوظ رکھنے کیلئے احتیاطی تدابیر کی جا رہیں:انتظامیہ
لاہور (لیڈی رپورٹر)شہر میں بڑھتی سمو گ کے باعث جانوروں کیلئے بھی سانس لینا مشکل ہو گیا،جانوروں کی بھی آنکھوں میں جلن، انفیکشن اور سانس لینے میں دشواری جیسی بیماریاں تیزی سے بڑھنے لگیں، پھیپھڑوں کا انفیکشن بعض اوقات جانوروں کیلئے بہت خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ لاہور چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سموگ سے جانوروں کو محفوظ رکھنے کیلئے خصوصی احتیاطی تدابیر اپنائی جا رہی ہیں، جانوروں کو وٹامنز اور منرلز سمیت بہتر خوراک فراہم کی جا رہی ہے ، سٹاف کو ہدایت دی گئی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر جانوروں کے کمروں اور پنجروں میں نمی برقرار رکھی جائے۔پنجاب وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے ممبر بدر منیر کا کہنا ہے جانوروں کے پنجروں میں پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے تو اس سے انہیں کافی حد تک راحت ملتی ہے اگر ممکن ہو تو لاہور چڑیا کے قریب سموگ گنز کو استعمال کر کے فضا کو وقتی طور پر بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔انتظامیہ کے مطابق کوشش کی جا رہی ہے اس سیزن میں جانوروں کیلئے ممکنہ حد تک بہتر ماحول فراہم کیا جائے۔