انتظامیہ مقررہ نرخوں پر سبزیوں کی فروخت کرانے میں ناکام

انتظامیہ مقررہ نرخوں پر سبزیوں کی فروخت کرانے میں ناکام

پیاز 180، آلو 120، ٹماٹر150، لہسن چائنہ 500، ادرک چائنہ 400روپے کلو فروخت ، سرکاری ریٹ کہیں نظر نہیں آتے :شہری

لاہور (سیاسی نمائندہ) سبزیوں اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بے قابو اضافہ جاری ہے ، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سرکاری نرخ جاری کرنے کے باوجود مارکیٹ میں مہنگائی کم نہ ہو سکی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومتی ریٹ لسٹیں صرف کاغذوں تک محدود ہیں جبکہ دکاندار اپنی مرضی کے ریٹ وصول کر رہے ہیں۔انتظامیہ نے پیاز کا نیا سرکاری ریٹ 130 روپے فی کلو مقرر کیا ہے ، لیکن بازار میں درجہ اوّل پیاز 160 سے 180 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔

آلو کا سرکاری نرخ 100 روپے فی کلو مقرر ہے جبکہ مارکیٹ میں 120 روپے میں فروخت جاری ہے ۔ ٹماٹر کا سرکاری ریٹ 115 روپے فی کلو ہے لیکن اس کی قیمت ڈیڑھ سو روپے تک پہنچ چکی ہے ۔لہسن چائنہ کا سرکاری نرخ 410 روپے کلو مقرر ہے مگر مارکیٹ میں یہ 500 روپے تک دستیاب ہے۔ ادرک چائنہ کی قیمت میں سرکاری طور پر 15 روپے کمی کے بعد نیا نرخ 360 روپے فی کلو ہے ، تاہم بازار میں 400 روپے تک فروخت کی جا رہی ہے ۔شہریوں نے شکایت کی ہے کہ مہنگائی نے معمولاتِ زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ تنخواہیں وہی ہیں مگر روزمرہ اشیا کے نرخ روز بڑھ رہے ہیں، سرکاری ریٹ کہیں نظر نہیں آتے اور مارکیٹ میں چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث عوام کو دکانداروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔ عوام نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مؤثر اقدامات کرتے ہوئے قیمتوں پر کنٹرول کیا جائے ، ورنہ عام شہری کیلئے گھر کا چولہا جلانا مزید مشکل ہوتا چلا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں