سیکرٹری ہاؤسنگ کا ترقیاتی منصوبوں کی جیوٹیگنگ کاحکم
کوالٹی ایشورنس کمیٹیاں ہر مرحلے پر کام کی سخت جانچ کرینگی: نورالامین مینگل
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبوں کے معیار، رفتار اور شفافیت کی سخت مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ہاؤسنگ نے حکم دیا کہ تمام ترقیاتی کاموں کی جیو ٹیگنگ ہو گی، کوالٹی ایشورنس کمیٹیاں ہر مرحلے پر کام کی سخت جانچ کریں گی، جبکہ ٹھیکیداروں کی ادائیگیاں صرف اس وقت ہوں گی جب معیار پر پورا اتریں گے ۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے ہدایت کی کہ اگلے مون سون سے پہلے تمام کام مکمل ہونے چاہئیں، شہریوں کی سہولت کے لیے رات کے اوقات میں کام کو ترجیح دی جائے تاکہ ٹریفک مسائل کم ہوں اور رفتار بہتر ہو۔اسی سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ نے لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا اچانک دورہ بھی کیا۔ ایل ڈی پی فیز ٹو کے تحت واہگہ زون میں کام کی رفتار اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق اور ایم ڈی واسا غفران احمد نے تکنیکی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے واضح ہدایت دی کہ واسا ایک ہفتے کے اندر تمام مین ہولز کا کام مکمل کرے ، گہری کھدائی کے مقامات پر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں اور شہریوں کی آگاہی کے لیے سائن بورڈز فوری نصب کیے جائیں۔