محکمہ اطلاعات اور روڈا میں صحافی کالونی فیز ٹو کیلئے معاہدہ

محکمہ اطلاعات اور روڈا میں صحافی کالونی فیز ٹو کیلئے معاہدہ

ہر صحافی کو چھت فراہم کرنے کا وعدہ عملی شکل اختیار کر رہا :سیکرٹری اطلاعات

لاہور(سٹاف رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر محکمہ اطلاعات اور روڈا کے درمیان صحافی کالونی فیز ٹو کے قیام کے لیے اہم معاہدہ طے پا گیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات سید طاہر رضا ہمدانی اور بریگیڈیئر(ر) منصور احمد جنجوعہ نے معاہدے پر دستخط کیے ۔ تقریب میں عمران امین سی ای او روڈا، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، سینئر نائب صدر افضال طالب، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر عدنان رشید، ڈائریکٹر تعلقات عامہ عابد لطیف سندھو سمیت روڈا کے دیگر افسران بھی موجود تھے ۔معاہدے کے مطابق روڈا صحافیوں کو تین سے پانچ سال کے اندر ڈیویلپ پلاٹ فراہم کرے گا، جبکہ اس مقصد کے لیے ابتدائی طور پر 62,500 روپے پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن میں جمع کرانا ہوں گے ۔ اس موقع پر طاہر رضا ہمدانی نے کہا کہ ہر صحافی کو چھت فراہم کرنے کا وعدہ عملی شکل اختیار کر رہا ہے ۔ عمران امین نے کہا کہ یہ رہائشی کالونی معیار زندگی کے اعتبار سے چہار باغ سکیم کے مساوی ہوگی۔ ارشد انصاری نے کہا کہ کم تنخواہوں اور بے روزگاری کے پیش نظر ماہانہ اقساط کو بھی مناسب سطح پر رکھا جائے گا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں