تجاوزات ، ناجائز تعمیرات کیخلاف پالیسی پر عملدرآمد نہ ہوسکا
گورننگ باڈی نے تجاوزات مافیا پر جرمانے عائد کرنے کی منظوری دی تھی
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور میں تجاوزات کے خاتمے اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بنائی گئی ایل ڈی اے کی نئی حکمت عملی شکل اختیار نہ کر سکی۔ گورننگ باڈی نے گزشتہ برس پہلی بار تجاوزات مافیا پر جرمانے عائد کرنے کی منظوری دی تھی، لیکن ایک سال گزرنے کے باوجود ایک بھی جرمانہ نہ کیا جا سکا۔دورانِ سال ہونے والے تمام آپریشنز کے اخراجات بھی ایل ڈی اے نے خود برداشت کیے ، جبکہ اس مقصد کے لیے جرمانوں کے ذریعے ریونیو اکٹھا ہونا تھا۔ صورتحال اس قدر غیر سنجیدہ رہی کہ کسی بھی املاک کا یوٹیلیٹی کنکشن تک منقطع نہیں کیا گیا، حالانکہ قوانین میں واضح طور پر اس کی اجازت موجود ہے ۔ٹاؤن پلاننگ ونگ کو املاک سربمہر کرنے ، ایف آئی آر کے اندراج اور غیر قانونی سرگرمیوں پر کارروائی کے اختیارات حاصل تھے ۔ اس کے باوجود وہ ہر سطح پر غیر فعال دکھائی دیا۔ جرمانے عائد کرنے کے لیے بلڈنگ ریگولیشنز میں باقاعدہ ترمیم بھی منظور کی گئی، جس کے مطابق غیر قانونی لینڈ یوز کنورژن کرنے والے مالکان پر سخت کارروائی ہونا تھی۔