پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز کو ڈیجیٹلائز کرنے کا آغاز کر دیا گیا
2026 سے پرچوں کی ای مارکنگ ، عملی امتحان بھی تبدیل:چیئرمین ٹاسک فورس
لاہور (خبر نگار)لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کو ڈیجیٹلائز کرنے کا آغاز کر دیاگیا۔ چیئرمین وزیراعلیٰ ٹاسک فورس کمیٹی برائے بورڈز مزمل محمود کا کہنا ہے کہ 2026 سے پرچوں کی ای مارکنگ ہوگی امتحانی مراکز میں طلبہ کی بائیومیٹرک حاضری کو یقینی بنایا جائیگا جبکہ عملی امتحانات کے طریقہ کار کو بھی تبدیل کیا جائیگا ۔ تعلیمی بورڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ 2018 میں شہباز شریف دور میں کی گئی تعلیمی اصلاحات کو پی ٹی آئی حکومت میں روکنے سے بوٹی مافیا نے دوبارہ اپنے قدم جما لیے تھے ،وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بوٹی مافیا کیخلاف باقاعدہ مہم کا آغاز کیا ہے اور امتحانات کو شفاف بنانے کیلئے عملی اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں۔ماضی میں امتحانی ڈیوٹیاں لگانے کیلئے بھاری رقوم دی جاتی تھیں تاہم اب امتحانی عملے کی تعیناتیاں ڈیجیٹل طریقے سے کی جائینگی، امتحانی مراکز پر پرائیویٹ عملے کی تعیناتی نہیں ہوگی۔ ای مارکنگ سے نتائج جلد تیار ہونگے ،عملی امتحانات کے نئے طریقہ کار کے تحت صرف وہی امیدوار نمبر حاصل کر سکیں گے جنہوں نے عملی تیاری کی ہوگی۔ گریڈنگ سسٹم نافذ کیا جائیگا، سوالیہ پرچوں کی تیاری بھی شفاف ہوگی۔پریس کانفرنس میں چیئرمین آئی بی سی سی ڈاکٹر بشیر ملہ ، ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن بورڈز نعمان جمیل، سیکرٹری لاہور بورڈ رضوی نذیر اور کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمن بھی موجود تھے ۔