لاہور ڈویلپمنٹ پیکیج فیز ٹو ،تھری کیلئے نیا جامع پلان منظور
واٹر سپلائی وسیوریج کے سکاڈا سسٹم سے بجلی کم خرچ،پانی کا ضیاع روکاجاسکے گا
لاہور (شیخ زین العابدین)وزیر اعلیٰ پنجاب نے لاہور ڈویلپمنٹ پیکیج فیز ٹو اور فیز تھری کیلئے نیا جامع پلان منظور کر لیا۔واٹر سپلائی وسیوریج نظام کو جدید ٹیکنالوجی، سکاڈا اور سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا ۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ایل ڈی پی فیز ٹو اور فیز تھری کیلئے نیا ترقیاتی پلان تیار کر لیا گیا جسکے تحت شہر کے واٹر سپلائی و سیوریج نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائیگا۔ منصوبے کا مقصد پانی فراہمی اور نکاسی آب نظام کو مؤثر، خودکار اور توانائی کی بچت کے مطابق بنانا ہے ۔ ایل ڈی پی فیز ٹو کے تحت جاری ترقیاتی کاموں میں سکاڈا سسٹم شامل کر لیا گیا جبکہ مستقبل میں شروع ہونیوالے فیز تھری میں بھی سکاڈا سسٹم لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ فیز ٹو اور فیز تھری میں لگنے والے تمام ٹیوب ویلز اور ڈسپوزل سٹیشنز کوجدید سکاڈا سسٹم پر منتقل کیا جائے گا جس کے ذریعے ٹیوب ویلز خودکار انداز میں آن اور آف ہو سکیں گے ۔ اس نظام سے نا صرف پانی کے ضیاع پر قابو پایا جا سکے گا بلکہ مین پاور کے غیر ضروری استعمال میں بھی نمایاں کمی آئیگی۔ حکومت نے نئے ٹیوب ویلز اور ڈسپوزل سٹیشنز کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ ٹیوب ویلز اور ڈسپوزل سٹیشنز پر سولر پینلزلگائے جائیںگے تاکہ بجلی کے اخراجات کم ہوں اور متبادل توانائی کو فروغ دیا جا سکے۔