مین ہولز کورز چوری‘سخت قوانین متعارف کروانے پر غور
ملوث افراد کوکٹہرے میں لانے کیلئے محکمہ ہاؤسنگ کی ٹیم کو ہدایات جاری
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )مین ہولز کورز کی چوری کے بڑھتے واقعات پرمحکمہ ہاؤسنگ نے سخت اقدامات کا آغاز کر دیا ۔چوری میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔محکمہ ہاؤسنگ کے افسروں کی خصوصی ٹیم کو واضح ہدایات جاری کر دی گئیں۔مین ہولز کورز کی مکمل ٹریس ایبلٹی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ہر کور کی شناخت ممکن ہو۔لاہور سمیت پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو اضلاع میں مین ہولز کورز کی نمبر شماری کا ٹاسک دیدیا گیا ۔وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر مین ہولز کورز سے متعلق خصوصی ڈیجیٹل ڈیش بورڈ تشکیل دیا جا رہا ہے ۔اس ڈیش بورڈ پر صوبے بھر میں نصب تمام مین ہولز کورز کا مکمل ڈیٹا مرتب کیا جائے گا۔ڈیجیٹل نگرانی کے ذریعے چوری واقعات پر قابو پانے اور ذمہ داروں تک فوری رسائی ممکن بنائی جائیگی۔مین ہولز کورز چوری مسئلے پر سیکرٹری ہاؤسنگ کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر سلطان باجوہ بھی شریک تھے ۔اجلاس میں چوری کیخلاف نئے اور سخت قوانین متعارف کروانے پر غور کیا گیا۔مجرمانہ سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے پیرا فورس اور ضلعی انتظامیہ کو بھی متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔حکام کا کہنا ہے کہ مجوزہ قانون میں سخت سزائیں اور بھاری جرمانے شامل کیے جا رہے ہیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات کا سدباب کیا جا سکے ۔