قصور:متعددوارداتیں، ڈاکو لاکھوں کی نقدی ، سامان لے گئے
ڈاکوؤں نے مصطفی، ساجد ، آفتاب کو باندھ کر نقدی، موبائل فون چھین لیے
قصور(نمائندہ دنیا) ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ڈاکوؤں نے لاکھوں روپے ،موبائل فون، طلائی زیورات اور موٹر سائیکلیں چھین لیں۔ تھانہ کھڈیاں کے علاقہ ڈھولن چوک کے قریب ڈاکوؤں نے محمدیوسف کے فارم ہاؤس پر سوئے ہوئے مزدوروں مصطفی، ساجد اور آفتاب کو باندھ کر اُن سے 5ہزار روپے ، موبائل فون چھین لیے جبکہ جاتے ہوئے لوڈر رکشہ پر فارم ہاؤس کا ٹرانسفارمر بھی لوڈ کرکے لے گئے۔ تھانہ صدر پھول نگر کے علاقہ سہارن کے میں چوردربار بابا سید محمد حسین شاہ کے چندہ والا غلہ توڑ کر رقم نکال کر لے گئے۔
تھانہ کوٹ رادھاکشن کے علاقہ اسداﷲسٹیل ملز کے منشی صداقت علی نے پولیس کو بتایا کہ چور سٹیل مل کی قیمتی 40فٹ بجلی کی تار کاٹ کر لے گئے ۔ تھانہ صدر قصور کے علاقہ کمال چشتی کے قریب چور خرم شہزاد کی حویلی سے ایک کٹی اورکٹا چوری کرکے لے گئے ۔ مین بازار کھڈیاں سے چور محلہ باغ والا کے رہائشی محمد عمران کی موٹرسائیکل چوری کرکے لے گئے ۔ چھانگا مانگا روڈ چونیاں سے چورمحمدانس کی موٹرسائیکل چوری کرکے لے گئے ۔ پولیس مصروف کارروائی ہے۔