ڈیلر سمیت 3ملزم گرفتار، ہزاروں پتنگیں، کیمیکل ڈوربرآمد
پتنگ سازوں اور ڈور فروشوں کوآن لائن رجسٹریشن کرانے کی ہدایت
لاہور(کرائم رپورٹر، اپنے سٹی رپورٹر سے) شہر سے بین الااضلاعی پتنگ ڈیلر سمیت 3ملزم گرفتار، ہزاروں پتنگیں، کیمیکل ڈوربرآمدکرلی گئی ۔ہربنس پورہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر دوران چیکنگ بین الااضلاعی پتنگ ڈیلر حیدر کو گرفتار کر کے لاکھوں کی 1050پتنگیں اور 2کیمیکل ڈور کی چرخیاں برآمد کر لیں ۔ ملزم نے پشاور سے بذریعہ آن لا ئن سپلائی دینے کا اعتراف کیا۔ ڈولفن نے مصری شاہ سے ملزم حسن کو حراست میں لے کر سوسے زائد پتنگیں برآمد کر لیں ۔جو مختلف علاقوں میں آن لائن سپلائی کرنی تھیں۔
گڑھی شاہو پولیس نے خفیہ اطلاع پر آن لائن آرڈرز پر پشاور سے پتنگیں اور دھاتی دوڑ منگوانے والے ملزم اخلاق خان کو کچی آبادی سے گرفتار کر کے 782 تیار گڈے اور دھاتی دوڑ کی 4 چرخیاں برآمد کر لیں۔دریں اثناء بسنت پورٹل اور ای بز ایپ پر شفاف رجسٹریشن جاری ہے۔ فروری 6، 7اور 8کو لاہور میں بسنت کی تقریبات ہونگی۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ جشن بہاراں اور بسنت لاہور کی منفرد ثقافتی شناخت کا حصہ ہیں اور یہ شہریوں کیلئے بہترین تفریح ثابت ہونگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پتنگ ساز اور ڈور فروش فوری رجسٹریشن یقینی بنائیں۔علاوہ ازیں شہر میں بسنت پر سپلائی اینڈ ڈیمانڈ غیر متوازن ہونے کا خدشہ ،مینوفیکچرز نے حکومت سے خیبر پختونخوا اورسندھ سے پتنگیں و ڈور منگوانے کی اجازت کیلئے تجویزدیدی، شہر میں سپلائی پوری نہ ہونے پرپتنگ و ڈور مہنگے فروخت ہو نگے ۔ایک تاواپتنگ 150 سے 300روپے تک دستیاب ہوگا۔