پیف سکولوں کے اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافہ نہ ہوسکا
لاہور(آن لائن) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) کے زیر سایہ چلنے والے پارٹنر سکولوں کے اساتذہ کی تنخواہوں میں اعلان کے باوجود تاحال اضافہ نہ ہو سکا۔
صوبائی وزیرِ تعلیم کی جانب سے پیف پارٹنر سکولوں میں اساتذہ کی تنخواہیں بڑھانے اور کم از کم 20ہزار روپے معاوضہ مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم عملی طور پر اس فیصلے پر عملدرآمد نہ ہو سکا۔ تنخواہوں میں اضافے کے اعلان کو کئی ماہ گزر چکے ہیں لیکن اساتذہ کو اب تک پرانی تنخواہیں ہی دی جا رہی ہیں۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اس معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے جبکہ پیف حکام کا مؤقف ہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے باقاعدہ تحریری احکامات اور نوٹیفکیشن کے بغیر تنخواہوں میں اضافے پر عملدرآمد ممکن نہیں۔دوسری جانب پیف پارٹنر سکولوں کے اساتذہ نے حکومت پنجاب اور محکمہ تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ تنخواہوں میں اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن فوری طور پر جاری کیا جائے ۔تاکہ اساتذہ کو معاشی مشکلات سے نجات مل سکے ۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ حالات میں کم تنخواہوں پر گزارا انتہائی مشکل ہو چکا ہے اور حکومتی اعلانات پر بروقت عملدرآمد ناگزیر ہے ۔