معذوری کا بہانہ بنا کر شہریوں کو لوٹنے والی خاتون گرفتار
لاہور(کرائم رپورٹر)پبلک ٹرانسپورٹ میں معذوری کا بہانہ بنا کر شہریوں کو لوٹنے والی خاتون کو ڈولفن سکواڈ نے گرفتار کر لیا،ترجمان ڈولفن کے مطابق ڈولفن ٹیم نے دورانِ پٹرولنگ شہری کی اطلاع پر فردوس مارکیٹ کے علاقے سے ملزمہ کو حراست میں لیا۔
ملزمہ سوار ہونے سے قبل خود کو معذور ظاہر کرتی تھی تاکہ شہری ہمدردی میں مدد کریں اور اسی دوران وہ واردات کر دیتی تھی۔پولیس کے مطابق حالیہ واقعہ میں ملزمہ نے ایک بزرگ شہری محمود کی مدد لینے کے بہانے اس کی جیب سے 70 ہزار روپے نکال لیے ۔ کارروائی کے دوران ملزمہ کے قبضے سے جیب تراشی کے دوران نکالی گئی 70 ہزار روپے کی رقم برآمد کر لی گئی۔گرفتار ملزمہ کی شناخت شازیہ کے نام سے ہوئی ہے جسے مزید قانونی کارروائی کے لیے چوکی فردوس مارکیٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔