جماعت اسلامی کی یومِ یکجہتی کشمیر پر آل پارٹیز کانفرنس
کشمیر اور فلسطین امتِ مسلمہ کی مشترکہ دکھتی رگ ہے :مقررین کاخطاب
لاہور (سیاسی نمائندہ) جماعت اسلامی لاہور کے زیرِ اہتمام یومِ یکجہتی کشمیر 5 فروری کے موقع پر منعقد ہونے والے کشمیر مارچ کے سلسلے میں سید مودودی ؒاسلامک سنٹر لاہور میں ایک اہم آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی، جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیائالدین انصاری ایڈووکیٹ نے کی۔ کانفرنس میں شریک قائدین میں حافظ کاظم رضا شیعہ علماء کونسل ،چودھری محمد شوکت سابق رکن پنجاب اسمبلی ،قاری قاسم بلوچ مجلس اسرارِ اسلام پاکستان ، انجینئر مشتاق محمود ایگزیکٹو ممبر حریت کانفرنس کشمیر پنجاب ،میاں وحید احمد پاکستان مسلم لیگ ق، ڈاکٹر شمشاد صدر اقلیتی امور ، اظہر بلال سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور ، نائب امیر جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ، وقاص احمد بٹ ، مولانا محمد عاصم مخدوم، مظہر جیلانی ، سمیت دیگر سیاسی ، مذہبی جماعتوں کے قائدین شامل تھے ۔ ضیاء الدین انصاری نے کہا کہ پانچ اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے ، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔