میوہسپتال :رات کی تاریکی میں درخت کاٹنے کاانکشاف

میوہسپتال :رات کی تاریکی میں درخت کاٹنے کاانکشاف

قواعد کے مطابق شفاف اور اوپن نیلامی کے بعد ورک آرڈر جاری :انتظامیہ

لاہور (شیخ زین العابدین) میو ہسپتال میں رات کی تاریکی میں درختوں پر کلہاڑی چلائی گئی،الزام ہے کہ صحت مند درخت کاٹ کر نہ صرف شواہد مٹانے کی کوشش کی گئی بلکہ کٹی ہوئی لکڑیاں بھی موقع سے غائب کر دی گئیں،معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی نے سخت کارروائی کے احکامات جاری کیے ،میو ہسپتال میں درخت کاٹنے کے واقعہ پر مقدمہ درج کرانے کی ہدایت دی گئی،پی ایچ اے زون انچارج طارق ضیا کی جانب سے تھانہ گوالمنڈی میں باقاعدہ درخواست جمع کرا دی گئی ہے ،درخواست میں ٹھیکیدار صابر اسحاق ملک کو نامزد کیا گیا ہے۔

ڈی ڈی پی ایچ اے راجہ منصور احمد کے مطابق سبز دشمنی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،دوسری جانب میو ہسپتال انتظامیہ نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے اپنا مؤقف بھی پیش کیا ہے ،انتظامیہ کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران مجموعی طور پر پندرہ خشک اور خطرناک درختوں کو باقاعدہ قانونی مراحل مکمل کر کے ہٹایا گیا، پہلے مرحلے میں سات جبکہ دوسرے مرحلے میں آٹھ درختوں کو ہٹایا گیا،کسی بھی صحت مند، سرسبز یا تاریخی اہمیت کے حامل درخت کو نہیں کاٹا گیا،انتظامیہ کے مطابق حکومتی قواعد کے مطابق شفاف اور اوپن نیلامی کے بعد ورک آرڈر جاری کیا گیاجبکہ ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کے لیے اسی مقامات اور دیگر مختص جگہوں پر نئے پودے بھی لگائے گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں