بسنت: شہر دلہن کی طرح سج گیا، 2 چھٹیوں کابھی اعلان
لاہور(نیوز ایجنسیاں)انتظامیہ نے بسنت کی آمد سے قبل لاہور کو دلہن کی طرح سجا دیا ہے اور شہر بھر میں خوشی اور جوش و خروش کی فضا قائم ہے۔ جبکہ پنجاب حکومت نے دو روزہ چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بسنت کے پیش نظر شہر کی اہم شاہراہوں،چوراہوں اور تفریحی مقامات کو رنگ برنگی پتنگوں، برقی قمقموں اور دلکش سجاوٹ سے آراستہ کیا گیا ہے۔ مختلف سڑکوں پر نصب کی گئی سجاوٹ میں نہ صرف بسنت کی روایت کو اجاگر کیا گیا ہے بلکہ پنجاب کی ثقافت اور روایات کی بھرپور عکاسی بھی کی گئی ہے۔ مختلف مقامات پر پنجاب کے مختلف شہروں کی نمائندگی کرتے ماڈلز نصب کیے گئے ہیں۔ جبکہ دیہی و ثقافتی طرزِ زندگی کو بھی ان ماڈلز کے ذریعے پیش کیا گیا ہے ۔ جس سے شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد ان مقامات کا رخ کر رہی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس سجاوٹ سے ایک جانب لاہور کی روایتی ثقافت اور تہواروں کی یاد تازہ ہو گئی ہے تو دوسری جانب شہر میں کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ادھر محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بسنت پر موسم خشک اورسرد رہنے کا امکان ہے ، لاہور میں 6 تا 8 فروری کا موسم پتنگ بازی کیلئے موزوں ہے اور اس دوران شہر میں ہوائیں 10 سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، جو پتنگ بازی کے لیے مناسب سمجھی جا رہی ہیں۔
دریں اثنا بسنت پر معاشی سر گرمیوں کا تخمینہ اندوزں سے تجاوز کر گیا، ماہرین نے بسنت کے تہوار پر 8سے 10ارب روپے کی معاشی سر گرمیاں ہونے کا تخمینہ لگایا تھا لیکن لوگوں کا جوش و خروش دیکھتے ہوئے مختلف شعبوں میں20 سے 25ارب کی سرگرمیاں ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے جبکہ اوورسیز پاکستانیوں اور دوسرے شہروں سے مہمانوں کی آمد جاری ہے ۔ ڈی ایچ اے نے رہائشیوں کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے گھروں کی چھتوں پر پتنگ بازی کی اجازت دے دی ہے ۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے کہا ہے کہ لاہور میں تین روزہ بسنت فیسٹیول کے محفوظ اور پرامن انعقاد کے لیے حکومتی ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی یقینی بنائی جائے گی جبکہ قانون شکنی کی صورت میں بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اسلام آباد،راولپنڈی ،گوجرانوالہ اورفیصل آبادسے درجنوں پتنگ فروشوں کو گرفتارکرکے سینکڑوں پتنگیں اورڈوریں برآمد کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں حکومت پنجاب نے بسنت پر دو روزہ چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق ان دنوں تمام ادارے ، دفاتر اور محکمے بند رہیں گے تاکہ شہری بسنت کے تہوار میں بلا روک ٹوک شریک ہو سکیں اور ثقافتی تقریبات کا بھرپور لطف اٹھا سکیں۔