وزیر اعلیٰ ہارٹ سرجری پروگرام،ابتک 10114سرجریز مکمل
حکومت بہترین، معیاری مفت علاج فراہم کرنے کے عزم پر قائم،صوبائی وزیر
لاہور (اے پی پی)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام بارے پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں اہم اجلاس ہوا ۔ خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ حکومت نے وزیر اعلیٰ ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت بہترین کامیابی حاصل کر لی ہے اور پیدائشی طور پر دل کے سوراخ میں مبتلا 10114 معصوم بچوں کی اربوں روپے سے مفت ہارٹ سرجریز مکمل ہوچکی ہیں ۔ وزیر اعلیٰ کی زیر قیادت شعبہ صحت کی بہتری کیلئے جدید اصلاحات لائی جا رہی ہیں ۔حکومت پنجاب عوام کو بہترین، معیاری اور مفت علاج فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے ۔چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت ابتک خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے 420، آزاد کشمیر سے 249، اسلام آباد سے 106، بلوچستان سے 28، گلگت بلتستان 34 جبکہ سندھ سے تعلق رکھنے والے 27 بچوں کی بالکل مفت کارڈیک کی جا چکی ہیں ۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا اورزیر علاج مانسہرہ کے رہائشی7سالہ بچے عبداﷲ سلیم جسکا کامیاب بون میرو ٹرانسپلانٹ ہوا سے ملاقات پر خیریت دریافت کی اور چلڈرن ہسپتال کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے کہابچوں کو جدید اور مفت علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ۔کامیاب بون میرو ٹرانسپلانٹ ناصرف میڈیکل ٹیم کی محنت کا ثمر ہے بلکہ یہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ پنجاب میں عالمی معیار کی طبی سہولیات دستیاب ہیں ۔ انہوں نے کہاحکومت پنجاب بچوں کے پیچیدہ امراض کے علاج کیلئے جدید سہولیات کی فراہمی اور اسپیشلائزڈ مراکز کے قیام کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ ہر بچے کو بروقت اور معیاری علاج میسر آ سکے ۔