گرجا گھروں میں دعائیہ پروگرام پنجاب پولیس ہائی الرٹ رہی

گرجا گھروں میں دعائیہ پروگرام  پنجاب پولیس ہائی الرٹ رہی

لاہور (کرائم رپورٹر )لاہور سمیت صوبے بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگراموں کے موقع پر پنجاب پولیس ہائی الرٹ رہی۔

آئی جی پولیس پنجاب راؤ عبدالکریم کی ہدایت پر گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی پروگراموں کے دوران پولیس نے ہائی الرٹ رہ کر سکیورٹی کے فرائض انجام دیئے ۔ قبل ازیں آئی جی پنجاب نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کی سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کیے ۔ انہوں نے کہا کہ سپروائزری افسر گرجا گھروں اور اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات خود موقع پر جاکر چیک کریں۔ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کرنے کیساتھ ساتھ سنائپرز کی بھی ڈیوٹی لگائی جائے ۔راؤ عبدالکریم کاکہناہے کہ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں گرجا گھروں کے گرد مؤثر پٹرولنگ کو یقینی بنائیں ۔

جبکہ تعینات پولیس افسر اور اہلکار انتہائی الرٹ رہیں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔آئی جی نے ہدایت کی ہے کہ گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز مسلسل جاری رکھے جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے ۔انہوں نے علما کرام، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیوں کے ارکان پر زور دیا کہ وہ بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ صوبے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے ۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں