پائیدار معاشی ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر :افتخار ملک
لاہور (اے پی پی)سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار ملک نے کہا ہے کہ انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری،پالیسیوں کا تسلسل، ریاست و نجی شعبے کے درمیان اعتماد سازی ،عوامی نظم و نسق کی جدید خطوط پر تشکیل ،جامع اور مضبوط معاشی ترقی کیلئے ناگزیر ہیں۔
اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہاباصلاحیت، ہنر مند اور تربیت یافتہ افرادی قوت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول میں فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہے ۔ بنیادی تعلیم تک رسائی نہایت ضروری ہے تاکہ معاشی ترقی کے ثمرات پورے معاشرے تک پہنچ سکیں اور عدم مساوات میں اضافہ نہ ہو۔ انہوں نے کہاادارہ جاتی اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں، ان اقدامات کے بغیر ایسا موثر ریاستی نظام تشکیل دینا ممکن نہیں جو پیچیدہ معاشی و انتظامی چیلنجز کا مقابلہ کر سکے ۔