پینے کے صاف پانی کا بحران سنگین شکل اختیار کرگیا
متعدد اضلاع کا زیر زمین پانی آلودہ، اقدامات نہ کیے تو بحران مزید سنگین :ماہرین
لاہور (شیخ زین العابدین)پنجاب میں پینے کے صاف پانی کا بحران سنگین شکل اختیار کرگیا ،محکمہ ہاؤسنگ اینڈ پبلک ہیلتھ کی تازہ رپورٹ نے زیر زمین پانی کی صورتحال کو بے نقاب کر دیا ،متعدد اضلاع میں زیر زمین پانی آلودہ، آرسینک اور مائیکروبیل جراثیم شامل ،ماہرین نے خبردار کیاہے کہ بروقت اقدامات نہ کیے تو بحران مزید سنگین ہو سکتا ہے ۔رپورٹ کے مطابق ضلع فیصل آباد میں مجموعی طور پر پانی آلودہ پایا گیا، چنیوٹ،جھنگ ،ٹوبہ ٹیک ،ساہیوال ،اوکاڑہ، ملتان ،مظفرگڑھ، راجن پور، لودھراں اور ڈی جی خان کے اضلاع میں زمینی پانی آلودہ ہوچکا، البتہ لاہور میں زیر زمین پانی میں آرسینک نہیں پایا گیا۔ضلع پاکپتن میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جہاں سوفیصد زمینی پانی جبکہ ضلع خانیوال کا 80،ضلع بہاولنگر، بہاولپور کا 83 اور رحیم یار خان کا 60 فیصدپانی آلودہ ہو چکا ہے ۔ ماہرین کے مطابق آرسینک سے آلودہ پانی جلد، جگر ، گردوں کو شدید نقصان پہنچاتا اوربچوں کی ذہنی نشوونما کو متاثر کرتا ہے ،طویل عرصہ استعمال کینسر کا سبب بھی بن سکتا ہے ۔ اسی طرح مائیکروبیل آلودگی اسہال، ہیضہ، ٹائیفائیڈ اور آنتوں کی خطرناک بیماریوں کا باعث بنتی ہے۔