پی ایچ اے کا ڈیجیٹل سکرین منصوبہ خسارے کا شکار
9 کروڑ کی سرمایہ کاری کے باوجوداشتہاری کمپنی سے کروڑوں کی رقم ریکورنہ ہو سکی
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )آمدن بڑھانے کیلئے شروع کیا گیا پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی لاہور کا بڑاڈیجیٹل سکرین منصوبہ خسارے کاشکار، اپریل 2024 میں شہر کے اہم مقامات پر جہازی سائز بڑی ڈیجیٹل سکرینیں نصب کی گئیں۔ منصوبے پر سرکاری خزانے سے 9کروڑ خرچ کیے گئے جبکہ سالانہ 14 ملین روپے آمدن کا تخمینہ لگایا گیا ۔یہ سکرینیں گلبرگ مین بلیوارڈ، کینال روڈ، جیل روڈ اور مال روڈ کے پیڈسٹرین برجز پر نصب کی گئیں تاکہ کمرشل اشتہارات سے ریونیو حاصل کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق سکرینیں نجی ایڈورٹائزنگ کمپنی سے انسٹال کروائی گئیں اور بعد ازاں اسی اشتہاری کمپنی کے سپرد کر دیا گیا۔ کمپنی نے سکرینیں حاصل کر کے واجبات ادا نہیں کیے جس پر متوقع آمدن سرکاری خزانے میں جمع نہ ہو سکی۔ پیڈسٹرین سکرینوں کا کرایہ ایک لاکھ ماہانہ مقرر کیا گیا جبکہ دیگر مقامات پر نصب سکرینوں کا کرایہ اس سے کہیں زیادہ رکھا گیا۔اس حوالے سے پی ایچ اے افسروں اور نجی ایڈورٹائزر کے مبینہ گٹھ جوڑ کی بات سامنے آ رہی ہے ۔9کروڑ کی سرمایہ کاری کے باوجود کروڑوں کی رقم تاحال ریکور نہ ہو سکی۔ شہر میں اس وقت چار بڑی سکرینوں کے مستقبل کا فیصلہ بھی نہ ہو سکا۔