ایل ڈی اے کو منصوبوں کی ادائیگیوں میں شدید مشکلات

ایل ڈی اے کو منصوبوں کی ادائیگیوں میں شدید مشکلات

حکومت نے متعدد سکیموں کے مکمل فنڈز جاری نہ کیے ، اربوں کی رقوم واجب الادا

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہورمیں ترقیاتی سرگرمیاں جاری مگر مالی وسائل کی کمی نے ادارہ جاتی مشکلات میں اضافہ کر دیا ۔ ایل ڈی اے کو ماضی کے مکمل اور زیرِ تکمیل منصوبوں کی ادائیگیوں میں شدید چیلنجز درپیش ہیں۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے متعدد ترقیاتی سکیموں کے مکمل فنڈز تاحال جاری نہیں کیے جسکے باعث اربوں کی رقوم واجب الادا ہیں۔ ایل ڈی اے حکام نے فنڈز اجراکیلئے کئی بار تحریری مراسلے ارسال کیے تاہم خاطر خواہ پیشرفت نہ ہو سکی۔اہم منصوبوں میں بند روڈ ایکسیس کنٹرول کوریڈور اور راوی برج کے توسیعی کام شامل ہیں۔ دونوں کا تعمیراتی مرحلہ مکمل ہو چکا ہے مگرمکمل ادائیگیاں ابھی تک نہیں ہو سکیں۔ راوی برج کی بہتری کیلئے ایل ڈی اے نے 22 کروڑ 53 لاکھ کے اضافی فنڈز کی ڈیمانڈ کی جو تاحال منظور نہیں ہوئے ۔ ٹولنٹن مارکیٹ کی بحالی، چار نئی سٹرکچرل پلان روڈز کی تعمیر اور زیرِ تعمیر سپورٹس کمپلیکسز بھی مالی منظوری کے منتظر ہیں۔ سٹرکچرل پلان روڈز کیلئے 10 ارب کی سمری ارسال کی گئی مگر فائلیں منظوری کے مراحل میں تاخیر کا شکار ہیں۔ سپورٹس کمپلیکسز کیلئے مختص 5ارب کے فنڈز بھی جاری نہ ہو سکے جس سے منصوبوں کی تکمیل اور ادائیگیوں کا شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں