ایل ڈی اے کا اے آئی کے ذریعے بلڈنگ پلان چیک کرنے کا فیصلہ

ایل  ڈی  اے  کا  اے  آئی  کے  ذریعے  بلڈنگ  پلان  چیک  کرنے  کا  فیصلہ

ابتدامیں 5مرلہ رہائشی نقشوں کی جانچ، قواعد کیمطابق فوری چالان جنریٹ ، اعتراضات آن لائن ہی بھجوا دیئے جائیں گے

لاہور (شیخ زین العابدین)لاہور میں نقشوں کی منظوری کا روایتی نظام اَب ڈیجیٹل انقلاب کی دہلیز پر ،ایل ڈی اے کا پہلی بار آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے بلڈنگ پلان چیک کرنے کا فیصلہ ،اگلے ہفتے سے پائلٹ بنیادوں پر رہائشی نقشوں کی سکرونٹی اے آئی سسٹم کریگا۔حکام کے مطابق اس اقدام سے شفافیت، تیزی اور انسانی مداخلت میں نمایاں کمی آئیگی۔ تعمیراتی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ابتدائی مرحلے میں5مرلہ تک رہائشی عمارتوں کے نقشے اے آئی کے ذریعے جانچے جائینگے ۔

ایل ڈی اے کے کنٹرولڈ ایریا میں آن لائن جمع کرائے گئے بلڈنگ پلان براہِ راست ڈیجیٹل سسٹم میں جائینگے ، جہاں خودکار طریقے سے بلڈنگ اینڈ زوننگ قوانین کی روشنی میں جانچ پڑتال ہوگی۔نقشہ قواعد کے مطابق ہوا تو سسٹم فوری چالان جنریٹ کریگا جبکہ کسی بھی خلافِ ضابطہ نکتے کی صورت میں اعتراضات آن لائن ہی درخواست گزار کو بھجوا دیئے جائینگے ۔ اسطرح درخواست گزار کو دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت پیش نہیں آئیگی۔ایل ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز کی تمام تفصیلات اے آئی سسٹم میں فیڈ کی جا چکی ہیں۔ شعبہ ٹاؤن پلاننگ نے اِن ہاؤس ڈیمو بھی کامیابی سے مکمل کرلیاہے اورآئندہ ہفتے ڈی جی ایل ڈی اے کو باضابطہ پریزنٹیشن کے بعد اس سسٹم کو عملاً نافذ کر دیا جائیگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں