یو سی پی کے تحت بین الجامعاتی طلبہ فیسٹیول کی اختتامی تقریب
جامعہ پنجاب کی پہلی پوزیشن،نمایاں کارکردگی پرطلبہ کو شیلڈز، انعامات تقسیم
لاہور(دی رپوٹر )یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے زیرِ اہتما م لاہور میں ملک کے بڑے بین الجامعاتی طلبہ فیسٹیول ٹاکرا 2026کی شاندار اختتامی تقریب ہوئی، مقابلوں کے مجموعی نتائج میں پنجاب یونیورسٹی نے پہلی پوزیشن لی ،یونیورسٹی آف لاہور رنر اپ قرار پائی۔5 روزہ فیسٹیول میں 200 سے زائد تعلیمی اداروں کے 4 ہزار 200 طلبہ شریک ہوئے ، 22 کیٹیگریز کے تحت 64 مقابلے ہوئے ۔ مجموعی انعامی رقم 25 لاکھ 70 ہزار رکھی گئی۔اختتامی تقریب میں مہمانانِ خصوصی پنجاب گروپ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر آغا طاہر اعجاز، پرو ریکٹر ڈاکٹر حماد نوید، عاقصہ سرفراز (ڈپٹی ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز)، محمد یعقوب (پرووسٹ)گلوکارہ نمرہ مہرا اور ملک بھر سے آئے طلبہ، اساتذہ نے شرکت کی۔
پروفیسر ڈاکٹر آغا طاہر نے خطاب میں یوسی پی کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے کہا یہ پلیٹ فارم پاکستان بھر کے باصلاحیت طلبہ کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا بہترین موقع فراہم کر رہا ہے۔ڈاکٹر حماد نویدنے کہا ٹاکرا صرف مقابلہ نہیں بلکہ نوجوان قیادت اور تخلیقی صلاحیتوں کا عملی اظہار ہے ۔ ہمارے طلبہ نے قومی سطح کا ایونٹ کامیابی سے منعقد کر کے صلاحیتوں کا ثبوت دیا ہے ۔عاقصہ سرفراز نے کہایہ فیسٹیول طلبہ کی محنت، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کی بہترین مثال ہے ۔تمام شرکا اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے پرطلبہ کو شیلڈز اور انعامات سے نوازا گیا جبکہ IBTIDA کے بچوں نے سے پیش کیا مختصر ڈرامہ پیش کیاجسے حاضرین نے خوب سراہا۔