جوبلی ٹاؤن :پارک قواعد کے برعکس سٹیڈیم میں تبدیل

جوبلی ٹاؤن :پارک قواعد کے برعکس سٹیڈیم میں تبدیل

سرکاری اراضی و فنڈز سے تعمیرکرکٹ سٹیڈیم کی آمدن نجی کنٹریکٹر سمیٹ رہا

لاہور (شیخ زین العابدین)لاہور میں پارک کو قواعد و ضوابط کے برعکس کرکٹ سٹیڈیم میں تبدیل کرنے کا معاملہ سامنے آ گیا۔سرکاری اراضی و فنڈز سے تعمیر سٹیڈیم تاحال نجی کنٹریکٹر کے پاس ہے۔ ایل ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ سٹیڈیم کے مستقبل کا فیصلہ آئندہ اجلاس میں ہو گا۔ ذرائع کے مطابق مشہورسرکاری سکیم جوبلی ٹاؤن میں پارک کو 2018 میں کرکٹ سٹیڈیم میں تبدیل کیا گیا۔ دستاویزی تفصیلات کے مطابق یہ تبدیلی گورننگ باڈی کی منظوری کے بغیر ہوئی۔ ایل ڈی اے کے زیر انتظام سکیم میں پارک کی جگہ جوبلی ٹاؤن سٹیڈیم تعمیر کیا گیا مگرابھی تک سٹیڈیم ایل ڈی اے کنٹرول میں نہ آ سکا۔ذرائع کے مطابق سٹیڈیم تاحال نجی کنٹریکٹر کے پاس ہے ، جہاں میچز کی بکنگ اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے آمدن حاصل کی جا رہی ہے ۔ ہینڈنگ اوور کا عمل مکمل نہ ہونے سے سٹیڈیم کی آمدن، ملکیت اور انتظامی حیثیت بارے ابہام برقرار ہے ۔ اس حوالے سے ایل ڈی اے حکام کا مؤقف ہے کہ کیس آئندہ اتھارٹی اجلاس میں دوبارہ پیش کیا جائے گا اور اسٹیڈیم کے مستقبل سے متعلق حتمی فیصلہ وہیں کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں