آئی جی کا رحیم یار کے کچہ ایریا کا دورہ، بحالی پروگرام کا جائزہ
آپریشن میں68ڈاکو ہلاک،97زخمی،گرفتار ، 216سرنڈر کرچکے :بریفنگ
لاہور(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب عبدالکریم نے رحیم یار خان کے کچہ ایریا بھونگ سمیت پولیس پوسٹ گڑھی خیر محمد جھک کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر کامران خان، غازی صلاح الدین، اظہر اکرم اور عرفان سموں ودیگر افسر ہمراہ تھے ۔آر پی او بہاولپور غازی صلاح الدین نے کچہ آپریشن اور بحالی پروگرام پربریفنگ میں بتایا کہ پولیس آپریشن میں68 ڈاکو ہلاک، 97 زخمی حالت میں گرفتار ، حکومت کی جانب سے سر کی قیمت والے 15کچہ کریمنلز سمیت 216 ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے سرنڈر کیا۔آئی جی کو کچہ پولیس کیمپس، چیک پوسٹس ، اگلے مورچوں کا دورہ بھی کرایا گیا۔ اس موقع پر آئی جی نے کہا کچہ ایریا میں امن و امان کیلئے پولیس کو مزید وسائل فراہم کیے جائینگے۔
دریں اثنا آئی جی عبدالکریم کی زیر صدارت اجلاس میں ماہ رمضان کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ صوبہ بھر کی 32 ہزار مساجد، 2 ہزار امام بارگاہوں اور 500 سے زائد اقلیتی عبادت گاہوں کیلئے سکیورٹی کو حتمی شکل دی گئی۔83 ہزار سے زائد پولیس افسر، اہلکار اور رضاکار تعینات کیے جائینگے ۔ آئی جی نے ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ کے رمضان کارڈز کیلئے قائم کیمپ سائٹس پر عوام سے رقم طلب کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ رمضان و سہولت بازاروں، ، لاری اڈوں ،ریلوے سٹیشنز پر غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔ آر پی اوز اور ڈی پی اوز فیلڈ میں موجود رہ کر خود سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں۔ بازاروں میں خواتین کو ہراسگی بچانے کیلئے لیڈی پولیس پٹرولنگ سکواڈ تعینات کیے جائیں ۔