جوا ایپ کیس:ڈکی بھائی کے فریز بینک اکاؤنٹس بحال
یوٹیوب پر مشروط ویڈیوز اپلوڈ کرنیکی اجازت ،این سی سی اے آئی کے گواہ طلب
لاہور (کورٹ رپورٹر) جوئے کی ایپ کی پروموشن کے مقدمے میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کے فریز بینک اکاؤنٹس بحال کر دیئے اور انہیں یوٹیوب پر ویڈیوز اپلوڈ کرنے کی مشروط اجازت دے دی۔ لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے کیس کی سماعت کی۔ ملزم سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی اپنی اہلیہ عروب جتوئی اور وکلا بیرسٹر امرت شیخ اور عثمان لطیف ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے ۔دورانِ سماعت عدالت نے ڈکی بھائی کے فریز بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم دیا اور یوٹیوب چینل پر ویڈیوز اپلوڈ کرنے کی مشروط اجازت دیتے ہوئے ریمارکس د یئے کہ عدالت میں زیرِ التوا کیس سے متعلق یوٹیوب چینل پر گفتگو نہیں کی جائے گی۔عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم کے چینل پر موجود 27 ویڈیوز پر این سی سی آئی اے کو اعتراض ہے تاہم انہیں حذف نہیں کیا جائے گا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر این سی سی آئی اے کے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے کارروائی 11 مارچ تک ملتوی کر دی۔عدالتی کارروائی کے بعد ڈکی بھائی کے وکلا نے دس ملین فالوورز مکمل ہونے پر احاطہ عدالت میں انہیں شیلڈ پیش کی۔