بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نیٹ میٹرنگ کنکشنز پر پابندی برقرار

 بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نیٹ میٹرنگ کنکشنز پر پابندی برقرار

وفاقی وزیر پاور ڈویژن کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہو سکا، صارفین پریشان

لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے )وفاقی وزیرکے نیٹ میٹرنگ کنکشنز لگانے کے احکامات پر عمل نہ ہوسکا،لیسکو سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نیٹ میٹرنگ کنکشنز پر خود ساختہ پابندی برقرار ، درخواستوں پر کنکشن دینے کی بجائے چپ سادھ لی گئی، کنکشنز حصول کے خواہشمند صارفین پریشان ہیں۔ وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس خان لغاری نے 8 فروری سے قبل دی گئی درخواستوں پر پرانے معاہدوں کے مطابق کنکشنز دینے کا حکم دیتے ہوئے فوری عملدرآمد کی ہدایت کی تھی تاہم بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نیٹ میٹرنگ درخواستوں پر خاموشی اختیار کررکھی ہے ، لیسکو سمیت متعدد ڈسکوز کی جانب سے نیٹ میٹرنگ کنکشنز پر غیر اعلانیہ پابندی پرصارفین کو کنکشنز حصول میں مشکلات کا سامنا ہے ۔صارفین کا کہنا ہے کہ پالیسی واضح ہونے کے باوجود عملدرآمد نہیں ہو رہا ، پرانے معاہدوں کے تحت کنکشنز نہ دینا حکومتی احکامات کی خلاف ورزی ہے ، پاورڈویژن حکام فوری نوٹس لیکر کنکشنز دلوائیں۔ دوسری طرف ایکسینز اور ایس ڈی اوز کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی ہدایات جاری نہیں ہوئیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں