ایران پر حملے ، مسلم ممالک کانفرنس بلائیں:تنظیماتِ اہلِسنّت

ایران پر حملے ، مسلم ممالک کانفرنس بلائیں:تنظیماتِ اہلِسنّت

آپریشن غضب للحق کی حمایت ،خامنہ ای کی شہادت پر 6 مارچ کو یومِ سوگ کا اعلان

لاہور (سیاسی نمائندہ)تنظیماتِ اہلِسنّت کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کا ہنگامی اجلاس مرکزی امیر تنظیماتِ اہلِسنّت وسابق وفاقی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی کی صدارت میں جامع انوار العلوم میں ہوا۔ ملک کو درپیش داخلی و خارجی چیلنجز، پاک افغان سرحدی کشیدگی، مشرقِ وسطیٰ اور ایران کی سنگین صورتحال ودیگر اہم قومی و بین الاقوامی امور پر غور و خوض کے بعدآپریشن غضب للحق کی مکمل حمایت اور خامنہ ای کی شہادت پر 6 مارچ کو یومِ سوگ کا اعلان کیاگیا۔ مرکزی جماعتِ اہلِ سنت کے سربراہ پیر میاں عبدالخالق القادری، جے یوپی کے سربراہ صاحبزادہ ابو الخیر ڈاکٹر زبیر الوری،سابق ممبر قومی اسمبلی میاں جلیل شرقپوری،پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین ثروت اعجاز قادری،محافظان نظریہ پاکستان کے سربراہ پیر زادہ امین قادری،انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی صدر فیصل قیوم ماگرے ،،نظام مصطفی پارٹی کے چیئرمین میاں خالد حبیب الٰہی،مصطفائی تحریک کے مرکزی امیر غلام مرتضی سعیدی،پاکستان فلاح پارٹی کے سربراہ رمضان مغل،اے ٹی آئی کے سابق مرکزی سیکرٹری جنرل اکرم رضوی ودیگررہنمائوں نے شرکت کی۔اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ تنظیماتِ اہلِسنّت پاکستان ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتی ہے اور 6 مارچ 2026 بروز جمعۃ المبارک کو یومِ سوگ منانے کا اعلان کرتی ہے ۔عالمِ اسلام ایک اہم رہنما سے محروم ہو گیا ہے ، انکی خدمات دیر تک یاد رکھی جائیں گئیں۔ ایرانی قیادت پر حملہ درحقیقت عالمِ اسلام پر حملے کے مترادف ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں