آئندہ تعلیمی سال میں سو فیصد نئی درسی کتب فراہمی نا ممکن
لاکھوں طلبہ کو نئی کتابوں کیساتھ ساتھ پرانی کتب سے بھی استفادہ کرنا ہوگادرسی کتب کی یقینی دستیابی کیلئے سرکاری سکولوں میں بک بینک قائم کرنیکا فیصلہ
لاہور(خبر نگار)آئندہ تعلیمی سال میں طلبہ کو سو فیصد نئی درسی کتب کی فراہمی ممکن نہ ہو سکے گی۔ لاکھوں طلبہ کو نئی کیساتھ ساتھ پرانی کتب سے بھی استفادہ کرنا ہوگا۔ اس مقصد کیلئے سرکاری سکولوں میں باقاعدہ بک بینک قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کو درسی کتب کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے ۔ پیکٹا حکام کے مطابق چھٹی، ساتویں، آٹھویں اور نویں جماعت کے طلبہ کو تقریباً پچاس فیصد نئی درسی کتب فراہم کی جائینگی جبکہ چوتھی اور پانچویں جماعت کے طلبہ کو اسی فیصد تک نئی کتابیں دستیاب ہونگی۔نرسری سے تیسری جماعت اور دہم جماعت کے طلبہ کو سو فیصد نئی درسی کتب فراہم کی جائینگی۔محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ پرانی کتابوں کی منظم تقسیم کیلئے ہر سکول میں بک بینک کا نظام فعال بنایا جائے گا۔حکام کے مطابق رواں سال تین کروڑ سے زائد درسی کتب شائع کی جائینگی تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔محکمہ تعلیم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کسی بھی طالبعلم کا کتابوں کی عدم دستیابی سے تعلیمی نقصان نہیں ہونے دیا جائیگا۔