صوبہ میں تیار اشیا پر 0.90 فیصد سیس عائد کرنیکا فیصلہ
درآمد شدہ سامان کی ترسیل بھی سیس کے دائرہ کار میں شامل ہوگی
لاہور(حمزہ خورشید سے )پنجاب حکومت نے برآمدات، درآمدات اور صوبے میں تیار، پیدا اور استعمال ہونے والی اشیا پر 0.90 فیصد سیس عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا، اس ضمن میں پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس (ترمیمی)ایکٹ 2026 کو متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔مجوزہ قانون کے مطابق پنجاب میں درآمد، برآمد یا صوبے کی حدود سے گزرنے والی اشیا پر 0.90 فیصد سیس لاگو ہوگا جبکہ درآمد شدہ سامان کی ترسیل بھی سیس کے دائرہ کار میں شامل ہوگی اور رجسٹرڈ کاروباری پتے کی بنیاد پر سامان کو درآمد تصور کیا جائے گا۔ بل کے تحت متعلقہ اتھارٹی کو سیس افسروں کو تعینات کرنے کا اختیار ہوگا جو اشیا کی نگرانی اور تصدیق کر سکیں گے اور ضرورت پڑنے پر محکمہ کسٹمز اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی معاونت بھی لے سکیں گے ، متعلقہ اتھارٹی کو پنجاب کے داخلی و خارجی مقامات اور دیگر ضروری جگہوں پر ناکہ بندی کی اجازت دینے کا اختیار بھی ہوگا، مجوزہ ترمیم کے ذریعے پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس ایکٹ 2015 میں تبدیلیاں کی جائینگی، بل کی کمیٹی سے منظوری کے بعد اسے ایوان سے منظور کروایا جائے گا جبکہ حتمی منظوری گورنر پنجاب دینگے ، واضح رہے کہ یہ بل گزشتہ اجلاس میں پیش کیا گیا تھا۔