خواتین کو روز گار دینے کا منصوبہ انتظامی کمزوریوں کا شکار
پی ٹی سی کے 50بس شیلٹرز میں سے 36مکمل تاہم ان میں سے 28روزگار فراہمی کیلئے خواتین کو الاٹ نہ کئے جاسکے ،من پسند افراد کو ترجیح دینے کے الزامات8 کی قرعہ اندازی اوردرخواستوں کے بغیر الاٹمنٹ ، متعدد مقامات پر تعمیر مکمل ہونے کے باوجود کیوسکس بند،خواتین کو روزگار فراہمی کا مقصد پورا نہ ہو سکا
لاہور (شیخ زین العابدین)پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کا 50 بس شیلٹرز پر مشتمل پائلٹ منصوبہ سوالات کی زد میں آ گیا۔خواتین کو روزگار دینے کیلئے بنائے گئے کمرشل کیوسکس کی اکثریت تاحال بند ، الاٹمنٹ کے عمل میں شفافیت اور واضح پالیسی کا فقدان سامنے آیا ہے ۔ویمن امپاورمنٹ کے دعوؤں کے برعکس منصوبہ انتظامی کمزوریوں کا شکار دکھائی دیتا ہے ۔ذرائع کے مطابق شہر میں جدید ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کے ساتھ خواتین کو باعزت روزگار فراہم کرنے کے دعوے کے تحت شروع کیا گیا پائلٹ منصوبہ اب انتظامی بے ضابطگیوں کی مثال بنتا جا رہا ہے ۔ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی نے 50 بس شیلٹرز تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھاجن میں کمرشل کیوسکس خواتین کیلئے مختص کیے گئے ۔
اعداد و شمار کے مطابق 50 میں سے 36 بس شیلٹرز مکمل ہو چکے ہیں تاہم ان میں سے 28 کیوسکس تاحال الاٹ نہیں کیے جا سکے ۔ متعدد مقامات پر تعمیر مکمل ہونے کے باوجود کیوسکس بند پڑے ہیں جس سے خواتین کو روزگار فراہمی کا بنیادی مقصد پورا نہ ہو سکا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 6 سے 8 کیوسکس کی الاٹمنٹ بغیر قرعہ اندازی اور بغیر باقاعدہ درخواستوں کے کی گئی۔ اوپن کمپٹیشن نہ ہونے پر من پسند افراد کو ترجیح دینے کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔ اس کیساتھ کرایہ پالیسی اور مالیاتی فریم ورک ابتک طے نہیں کیا جا سکاجس سے سرکاری اثاثوں کے استعمال پر سوالات جنم لے رہے ہیں۔یہ بس شیلٹرز کینال روڈ، مولانا شوکت علی روڈ، جیل روڈ اور رائیونڈ روڈ سمیت اُن کوریڈورز پر تعمیر کیے گئے جہاں الیکٹرک بس انفراسٹرکچر موجود ہے ۔ لبرٹی مارکیٹ جیسے اہم تجارتی مرکز میں بھی کیوسکس قائم کیے گئے تاہم عملی صورتحال یہ ہے کہ صرف 3مقامات پر خواتین برسرِ روزگار ہیں جن میں جناح ہسپتال کے باہر، لبرٹی اور کینال روڈ شامل ہیں۔ باقی اکثریتی کیوسکس غیر فعال ہیں۔محکمہ ٹرانسپورٹ اورپی ٹی سی کی مانیٹرنگ اور کوآرڈینیشن پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ شفاف الاٹمنٹ، واضح کرایہ پالیسی اور مؤثر نگرانی کے بغیر یہ منصوبہ اپنے مقاصدکے حصول میں ناکام نظر آتا ہے ۔