ورکرز ویلفیئر :فوتگی، تعلیمی گرانٹس بارے نئے ایس او پیز جاری
ریٹائرمنٹ کے بعد ورکرز کے بچوں کو ایجوکیشنل گرانٹس بھی نہیں مل سکیں گی
لاہور(عاطف پرویز سے ) ورکرز ویلفیئر فنڈ پنجاب کی جانب سے ڈیتھ اور ایجوکیشنل گرانٹس سے متعلق نئے ایس او پیز جاری کر دیے گئے ہیں، جن کے تحت 60 سال کی عمر کے بعد فوت ہونے والے رجسٹرڈ ورکرز کے اہل خانہ ڈیتھ گرانٹ کے مستحق نہیں ہوں گے جبکہ ریٹائرمنٹ کے بعد ورکرز کے بچوں کو ایجوکیشنل گرانٹس بھی نہیں مل سکیں گی۔ نئے قواعد کے مطابق ڈیتھ گرانٹ صرف مخصوص عمر کی حد کے اندر وفات پانے والے ورکرز کے اہل خانہ کو دی جائے گی۔ اسی طرح ریٹائرمنٹ کے بعد ورکرز کے بچوں کیلئے تعلیمی وظائف کی سہولت بھی ختم کر دی گئی ہے ۔ تاہم ایس او پیز میں یہ شق شامل کی گئی ہے کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے افسران اور ملازمین ایجوکیشنل گرانٹس حاصل کرنے کے اہل ہوں گے ، جس پر مزدور حلقوں میں ردعمل سامنے آیا ہے ۔ورکرز ویلفیئر فنڈ کی گورننگ باڈی کے رکن سعد چودھری نے نئے ایس او پیز کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ورکرز کے مفادات کے منافی قرار دیا ہے ۔ ان کا مؤقف ہے کہ ان قواعد سے محنت کش طبقہ مالی طور پر متاثر ہوگا اور فوری طور پر ان پر نظرثانی کی ضرورت ہے ۔