محکمہ تعلیم :سینکڑوں ملازم 3ماہ سے تنخواہوں سے محروم
درجہ چہارم کے ملازمین کی بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کامعاملہ حل نہ ہوا
لاہور(عاطف پرویز سے ) ایجوکیشن اتھارٹی کے تحت درجہ چہارم ملازمین کی بھرتیوں کا معاملہ تاحال حل نہ ہو سکا۔ مبینہ بے ضابطگیوں کی انکوائری کے باعث سینکڑوں ملازمین تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جبکہ کنٹریکٹ بھی ختم ہو چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایجوکیشن اتھارٹی لاہور میں درجہ چہارم کی تقریباً سات سو بھرتیوں میں مبینہ گھپلوں کی انکوائری ڈیڑھ سال قبل شروع کی گئی تھی۔ ان ملازمین کو تین سال قبل کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا گیا تھا۔انکوائری کے آغاز کے بعد متعدد ملازمین کی تنخواہیں روک دی گئیں جبکہ تین سال مکمل ہونے پر ان کے کنٹریکٹ بھی ختم ہو چکے ہیں۔ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے کنٹریکٹ میں مزید توسیع سے انکار کر دیا ہے جس کے باعث متاثرہ ملازمین کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے ۔