مارکیٹوں میں شہریوں کا بڑھتا رش ،ٹریفک روانی کے اقدامات

مارکیٹوں میں شہریوں کا بڑھتا رش ،ٹریفک روانی کے اقدامات

مارکیٹوں کی انتظامیہ اور ضلعی حکومت سے ملکر پارکنگ پلان تیار کیا جائے :ڈی آئی جی

لاہور(کرائم رپورٹر)رمضان المبارک کے آخری عشرے میں شاپنگ مارکیٹوں میں شہریوں کے بڑھتے ہوئے رش کے پیش نظر ٹریفک انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کیلئے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے صوبہ بھر کے سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے ہدایت کی کہ تمام چیف ٹریفک آفیسرز اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسرز مارکیٹوں میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے جامع ڈیوٹی پلان مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ افطار اور شاپنگ کے اوقات میں ٹریفک کے بہاؤ کو مؤثر بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔محمد وقاص نذیر نے ہدایت کی کہ مارکیٹوں کی انتظامیہ اور ضلعی حکومت کے ساتھ مل کر پارکنگ پلان تیار کیا جائے جبکہ رونگ پارکنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ ون وے کی خلاف ورزی، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے اور سیٹ بیلٹ استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں