یوم ِمزدور پر 720ورکرز کو مفت فلیٹس کا قبضہ دینے کا فیصلہ
5 ہزار فیس جمع کرانے کی شرط ختم،مقامی ورکرز لاہور میں ہی کاغذات جمع کرائینگے
لاہور(عاطف پرویز سے )جنوری میں قرعہ اندازی کے چار ماہ بعد ورکرز کو مفت فلیٹس کا قبضہ دینے کا فیصلہ، یکم مئی یومِ مزدور کے موقع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز ورکرز کو فلیٹس کی چابیاں تقسیم کرینگی۔محکمہ لیبر کے ذیلی ادارے ورکز ویلفیئر فنڈ پنجاب نے جنوری میں فلیٹس کی قرعہ اندازی کروائی تھی تاہم اسکے بعد ورکرز کو قبضہ نہیں دیا جا سکا تھا۔ اب محکمہ نے اس عمل کو مکمل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے شرائط کو بھی آسان بنا دیا ہے ۔نئی پالیسی کے تحت ورکرز کو پانچ ہزار روپے فیس جمع کروانے کی شرط ختم کر دی گئی ہے جبکہ لاہور کے ورکرز کو کاغذات جمع کرانے کیلئے قصور جانے کی بجائے لاہور میں ہی سہولت دی جائیگی۔ورکرز کا کہنا ہے کہ صنعتی مزدور اتحاد کی درخواست پر سیکرٹری لیبر نے مذکورہ شرائط ختم کر دی ہیں۔ورکر رہنما بلال سیال کے مطابق حکومت نے 720 ورکرز کو یکم مئی کو فلیٹس کا قبضہ دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ مرکزی تقریب ایکسپو سینٹر میں ہوگی۔