سرکاری سکولوں میں کمروں کی تعمیرومرمت کیلئے 19کروڑ جاری
پہلے مرحلے میں 3400 ای سی ای رومز کو اپ گریڈ کیا جائے گا،لاہور کے 720 سکولوں میں ای سی ای رومز کی تعمیر و مرمت کیساتھ جدید تعلیمی کٹس بھی فراہم کی جائیں گیمحکمہ تعلیم کی جانب سے ہر ای سی ای روم کیلئے 55 ہزار روپے کا فنڈ مختص ، پرائمری سکولوں میں ارلی چائلڈ ایجوکیشن کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل :حکام
لاہور(خبر نگار)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں میں ارلی چائلڈ ایجوکیشن (ای سی ای) رومز کی اپ گریڈیشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ، جس کے تحت ابتدائی مرحلے میں ہزاروں کلاس رومز کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔محکمہ تعلیم کے مطابق 11اضلاع کی 43 تحصیلوں میں ای سی ای رومز کی اپ گریڈیشن کیلئے کروڑوں روپے کے فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ پہلے مرحلے میں 3400 ای سی ای رومز کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔اعداد و شمار کے مطابق لاہور کے 720 سکولوں میں ای سی ای رومز کی تعمیر و مرمت کے ساتھ جدید تعلیمی کٹس بھی فراہم کی جائیں گی۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے ہر ای سی ای روم کیلئے 55 ہزار روپے کا فنڈ مختص کیا گیا ۔حکام کا کہنا ہے کہ پرائمری سکولوں میں ارلی چائلڈ ایجوکیشن کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس اقدام سے بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ابتدائی تعلیم میں سہولیات کی فراہمی ازحد ضروری ہے، طلبہ کو بہتر ماحول فراہم کیا جانا ضروری ہے۔