ماں و بچے کی صحت کے فروغ کیلئے ایڈووکیسی ورکشاپ
بڑھتی آبادی مجموعی سماجی ترقی کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے :مقررین
لاہور(سٹاف رپورٹر )ڈائریکٹوریٹ جنرل پاپولیشن ویلفیئر، محکمہ صحت و آبادی پنجاب کے زیرِ اہتمام مقامی ہوٹل میں’’پارلیمنٹیرینز، وزرا، ترقیاتی شراکت داروں اور اہم سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ایڈووکیسی ورکشاپ‘‘کا انعقاد کیا گیا۔ شرکا نے پائیدار آبادیاتی منصوبہ بندی، خاندانی بہبود کے اقدامات، اور آبادی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔تقریب میں صوبائی وزیر صحت و آبادی پنجاب خواجہ عمران نذیر، وزیراعلیٰ پنجاب کی کوآرڈینیٹر برائے آبادی سائرہ افضل تارڑ، سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی پنجاب نادیہ ثاقب ،ڈاکٹر عزیز رب، پارلیمانی سیکرٹری اسما ناز، کنول لیاقت، پولیو کوآرڈینیٹر عظمیٰ کاردار، رشدہ لودھی، ذکیہ شاہنواز خان، موتیہ بیگم، ملک خالد کھوکھر، ملک شہباز کھوکھر، نرگس فیض، سلطان احمد باجوہ سمیت 40 سے زائد اراکینِ اسمبلی اور معروف میڈیا شخصیت منیزہ ہاشمی شامل تھیں۔ مقررین نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی صحت، تعلیم، معیشت، ماحولیات اور مجموعی سماجی ترقی کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے ۔