موٹرویز پر جانوروں سے لدی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی
جانوروں سے لدی گاڑیوں کو متبادل اور محفوظ راستوں پر منتقل کیا جائے گا :ترجمان
لاہوراے پی پی)موٹروے پولیس نے موٹرویز پر جانوروں سے لدی گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے ۔ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق یہ فیصلہ عوامی تحفظ، حادثات کی روک تھام اور موٹرویز پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے ۔ترجمان کا کہنا ہے کہ اوور لوڈ اور غیر فٹ گاڑیاں سنگین حادثات کا سبب بن سکتی ہیں جبکہ ماضی میں بھی ایسی گاڑیوں کے باعث موٹرویز پر متعدد خطرناک حادثات پیش آ چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جانوروں سے لدی گاڑیوں کو متبادل اور محفوظ راستوں پر منتقل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو سفر کے دوران کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔پنجاب پولیس اور خیبر پختونخوا کو انٹری پوائنٹس پر چیک پوسٹس قائم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے ۔اس کے علاوہ مویشی منڈیوں اور انٹرچینجز کے قریب غیر قانونی پارکنگ کیخلاف سخت کارروائی کا حکم دیا گیا ہے ۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین اور لوڈنگ سٹینڈرڈز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔