ٹیکس چوروں کیخلاف پی آر اے کا بڑا کریک ڈاؤن، جرمانے عائد
ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے مختلف سیکٹرز کی مسلسل مانیٹرنگ :چیئرمین
لاہور( این این آئی)پنجاب ریونیو اتھارٹی نے سیلز ٹیکس رجسٹریشن نہ کرانے اور ٹیکس ادائیگی سے گریز کرنے والے افراد و کاروباری مراکز کے خلاف صوبہ بھر میں کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ترجمان کے مطابق انفورسمنٹ افسران نے مختلف شہروں میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد پوائنٹس کو چیک کیا اور خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد کرنے کے ساتھ نوٹسز بھی جاری کیے ۔
کارروائیوں کے دوران ایسے کاروباری مراکز کو نشانہ بنایا گیا جو رجسٹریشن نہیں رکھتے ، ریکارڈ فراہم نہیں کرتے یا جعلی انوائسز کا استعمال کر رہے تھے ۔ پی آر اے نے متعدد نادہندگان کو فوری طور پر ٹیکس ادائیگی اور رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے انہیں باقاعدہ نوٹسز بھی جاری کیے ہیں۔چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ہدایت دی ہے کہ انفورسمنٹ آپریشنز کو مزید موثر بنایا جائے اور بلا امتیاز کارروائی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے مختلف سیکٹرز کی مسلسل مانیٹرنگ اور ڈیٹا ویریفی کیشن کا عمل جاری رکھا جا رہا ہے ۔