ٹیکسز کی بھرمار نے غریب کا جینا دوبھر کر دیا :جے یوآئی
حکمران صرف آئی ایم ایف کی پالیسیوں پر عمل درآمد پر لگے ہوئے :مولاناامجد
لاہور(سیاسی نمائندہ)عوام کے دکھ و تکلیف کا کسی کو کوئی احساس نہیں ہے حکمران صرف آئی ایم ایف کی پالیسیوں پر عمل درآمد پر لگے ہوئے ہیں ،یہاں عوام کی زندگی اجیر ن بن چکی ہے ،رہی سہی کسر پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں بے جا ٹیکسسز کی مار نے پوری کر دی ہے ،جے یوآئی 22 مئی جمعہ کو مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کے طور پر منائے گی۔ ان خیالات کا اظہار جے یوآئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان اور سابق سپیکر بلوچستان مولانا مطیع اللہ اغا نے ایک وزیر خان مسجد چوک میں حافظ فضل کریم کی دکان کے افتتاحی تقریب کے موقع پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کھیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کے کمزور کندھوں میں مہنگائی کا مزید بوجھ اٹھانے کی سکت نہیں ہے انہیں ریلیف کی ضرورت ہے لیکن افسوس عوام کو ریلیف دینے کے بجائے انہیں مہنگائی کی چکی میں مسلسل پیسا جا رہا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام ہر چیز پر ٹیکس ادا کر رہی ہے مگر اس کے بدلے میں انہیں مہنگائی، بیروزگاری اور بجلی کے بھاری بلوں کے سوا کچھ نہیں مل رہا ہے دوسری طرف بجلی کے بلوں پر مختلف ٹیکس عائد کر کے غریب عوام کا جینا دوبھر کر دیا گیا ہے حتیٰ کہ غریب عوام دو وقت کی روٹی تک کے لیے ترس رہے ہیں۔