سیف سٹیز :سی ایم پنجاب کیو آر پینک بٹن سسٹم متعارف
گاڑیوں میں لازمی طور پر کیو آر پینک بٹن نصب کیے جائیں گے :اتھارٹی
لاہور(کرائم رپورٹر )پنجاب حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والے شہریوں بالخصوص خواتین اور فیملیز کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی سسٹم متعارف کراتے ہوئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے سی ایم پنجاب کیو آر پینک بٹن سسٹم کا باقاعدہ آغاز کردیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے پبلک ٹرانسپورٹ میں ہنگامی صورتحال، ہراساں کیے جانے یا کسی بھی ناگہانی واقعے سے فوری نمٹنے کیلئے ایک سمارٹ حل پیش کر دیا ہے ، اس نئے سسٹم کے تحت اب صوبے بھر میں چلنے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو سیف سٹیز کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے براہِ راست منسلک کیا جا رہا ہے ، اس سسٹم کا دائرہ کار پنجاب بھر میں پھیلایا جائے گا۔ منصوبے کے تحت جن گاڑیوں میں لازمی طور پر کیو آر پینک بٹن نصب کیے جائیں گے ان میں بسوں اور ویگنوں میں مسافروں کی آسانی سے پہنچ والے مقامات پر یہ کوڈز لگائے جائیں گے ، رکشوں اور ٹیکسیوں سمیت دیگر تمام پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں بھی اس سسٹم کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے گا، سی ایم پنجاب کیو آر پینک بٹن ایک انتہائی سادہ لیکن تیز ترین ریسپانس سسٹم ہے ۔