66 سال پنجاب کنسولیڈیشن آف ہولڈنگز قائمہ کمیٹی کوموصول
قانون نافذ ہونے کے بعد نئی کنسولیڈیشن کارروائیاں شروع نہیں کی جا سکیں گی
لاہور (حمزہ خورشید سے ) پنجاب حکومت نے حالیہ پنجاب اسمبلی اجلاس میں 66 سال پرانے پنجاب کنسولیڈیشن آف ہولڈنگز آرڈیننس 1960 کو منسوخ کرنے کے لیے پنجاب کنسولیڈیشن آف ہولڈنگز (ریپیل) ایکٹ 2026 پیش کیا تھا، مجوزہ بل قائمہ کمیٹی برائے ریونیو کو موصول ہو چکا ہے ،جہاں اس کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ بل کے متن کے مطابق حکومت نے کنسولیڈیشن کے موجودہ نظام کو غیر ضروری تاخیر، پیچیدہ طریقہ کار اور انتظامی مشکلات کا شکار قرار دیتے ہوئے پرانے قانون کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔بل میں تجویز کیا گیا ہے کہ قانون نافذ ہونے کے بعد پنجاب میں نئی کنسولیڈیشن کارروائیاں شروع نہیں کی جا سکیں گی جبکہ پنجاب کنسولیڈیشن آف ہولڈنگز آرڈیننس 1960 منسوخ تصور ہوگا۔ تاہم آرڈیننس کے تحت پہلے سے حاصل شدہ حقوق، مراعات، ذمہ داریاں اور قانونی اقدامات برقرار رہیں گے ۔ مجوزہ قانون کے مطابق زیر التوا کنسولیڈیشن سکیموں کو ایک سال کے اندر مکمل کرنا لازم ہوگا جبکہ 70 فیصد سے زائد مکمل ہونے والی سکیموں کو 180 روز کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچانا ہوگا۔ 70 فیصد سے کم پیش رفت رکھنے والی سکیموں کو ڈی نوٹیفائی کر دیا جائے گا۔