پریس کلب میں صحافیوں کیلئے کلینک آن ویلز سروس کاافتتاح
صحافی برادری کی فلاح کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے :وزیر صحت عمران نذیر
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )لاہور پریس کلب میں صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے خصوصی اقدامات بروئے کار لانے کا اعلان کردیاگیا ۔صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے لاہور پریس کلب کا دورہ کیا۔ لاہورپریس کلب صدر ارشد انصاری ، جنرل سیکرٹری افضال طالب اور ممبرگورننگ باڈی سجاد کاظمی نے انہیں کلب آمد پر خوش آمدید کہا۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے صحافیوں کوچھتوں کی فراہمی کے لئے بلاامتیاز وتفریق جتنے اقدامات انھوں نے کئے ہیں وہ قابل تحسین اور قابل تقلید ہیں ۔خواجہ عمران نذیر نے اس موقع پر صحافی برادری کے لیے کلینک آن ویلز سروس کا افتتاح بھی کیا ۔ انہوں نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ صحافی برادری کے لیے انسولین اور ادویات کی گھروں تک فراہمی کے لئے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے ، صحافی کالونی میں دو عدد مریم نواز کلینک بنائے جارہے ہیں ۔ صحافیوں کی فلاح کے لیے لاہور پریس کلب کے ساتھ مل کر مزید اقدامات کئے جائیں گے ۔