بدعنوانی :ٹریفک انسپکٹر اور کانسٹیبل ملازمت سے برخاست
دوسرے انسپکٹرز اور وارڈن کی ایک سال کیلئے سالانہ انکریمنٹ روکنے کی سزا
لاہور(کرائم رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے فرائض میں غفلت، لاپرواہی اور بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے متعدد ٹریفک اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی ہے ۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق بدعنوانی کی شکایت ثابت ہونے پر ایک ٹریفک انسپکٹر اور ایک کانسٹیبل کو ملازمت سے برخاست کر دیا گیا۔ فرائض میں عدم دلچسپی اور غیرحاضری پر ایک ٹریفک انسپکٹر سمیت 6 ٹریفک وارڈنز کی ایک سال کے لیے ترقی روک دی گئی۔اسی طرح 4 ٹریفک انسپکٹرز اور ایک ٹریفک وارڈن کی ایک سال کے لیے سالانہ انکریمنٹ روکنے کی سزا دی گئی، جبکہ ایک ٹریفک انسپکٹر کو سینئر وارڈن کے عہدے سے تنزلی دے کر دو سال کے لیے وارڈن مقرر کر دیا گیا۔دوسری جانب دورانِ ڈیوٹی شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے ، خوش اخلاقی کا مظاہرہ کرنے اور بروقت ریسپانس دینے والے متعدد ٹریفک اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد بھی جاری کی گئیں۔