چیئرمین یوایم ٹی کی بنگلہ دیش کے وزیرتعلیم سے ملاقات
احسان الحق نے ابراہیم حسن مراد کی تعلیم کے شعبوں میں خدما ت کوسراہا
لاہور(خبر نگار )چیئرمین یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی)ابراہیم حسن مرادنے بنگلہ دیش کے وزیرِ تعلیم احسان الحق سے ڈھاکا میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔اس موقع پر بنگلہ دیش کے وزیرِ تعلیم احسان الحق نے ابراہیم حسن مراد کی تعلیم، سماجی خدمت اور عوامی فلاح کے شعبوں میں گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشیں نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے قابلِ تقلید ہیں۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نوجوان نسل کے روشن مستقبل کی بنیاد معیاری تعلیم، تحقیق اور جدید مہارتوں پر استوار ہے ۔اس موقع پر ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں مشترکہ اقدامات نوجوانوں کے لیے نئے تعلیمی، تحقیقی اور پیشہ ورانہ مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم، تحقیق اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے مضبوط شراکت داری وقت کی اہم ضرورت ہے ، کیونکہ علم پر مبنی معاشرے ہی پائیدار ترقی اور خوشحالی کی ضمانت بنتے ہیں۔ملاقات کے اختتام پر چیئرمین یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے بنگلہ دیش کے وزیرِ تعلیم احسان الحق کو سووینئر پیش کیا۔