وزیر اعلیٰ پنجاب ماڈل یونائیٹڈ نیشنز پروگرام کی لانچنگ تقریب
سرکاری سکولوں کے طلبہ کیلئے اپنی نوعیت کا پہلا سرکاری مباحثہ پروگرام :وزیرتعلیم
لاہور ( خبر نگار)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ پنجاب ماڈل یونائیٹڈ نیشنز پروگرام کی لانچنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر تعلیم نے پروگرام کا افتتاح کیا اور کہا کہ یہ پروگرام پاکستان میں سرکاری سکولوں کے طلبہ کے لیے پہلے سرکاری ماڈل یونائیٹڈ نیشنز مباحثہ پروام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو عالمی قیادت، سفارت کاری اور پالیسی سازی کے لیے تیار کرنا وزیراعلیٰ مریم نواز کا وژن ہے ۔ اسی ویژن کے تحت یہ پروگرام لانچ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز پاکستان میں سرکاری سکولوں کے طلبہ کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا سرکاری مباحثہ پروگرام ہے ، جس کا مقصد نوجوانوں میں عالمی سفارت کاری، مؤثر ابلاغ، قائدانہ صلاحیتوں، مذاکرات، تنقیدی سوچ اور پالیسی سازی کی مہارتوں کو فروغ دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن نوجوانوں کو صرف معیاری تعلیم دینا نہیں بلکہ انہیں عالمی سطح کی قیادت کے لیے تیار کرنا ہے ۔ حکومت پنجاب نوجوانوں پر سرمایہ کاری کو مستقبل پر سرمایہ کاری سمجھتی ہے اور اسی سوچ کے تحت نوجوانوں کو ایسے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو عالمی معیار کے مطابق نکھار سکیں۔